Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ندیم افضل چن کا "مختارا" بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگیا

شائع 13 جون 2020 06:17am

وزیر اعظم عمران خان کے ترجمان ندیم افضل چن کی لیک ہونے والے واٹس ایپ آڈیو میسج سے مشہور ہونے والا ”مختارا“ بھی کورونا کا شکار ہوگیا ہے۔

ندیم افضل چن نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ تین ماہ قبل لیک ہونے والے ویڈیو پیغام کو جہاں لوگوں نے مثبت انداز میں لیا وہیں بری خبر یہ ہے کہ مختارے میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میرے لاکھ سمجھانے کے باوجود اس نے عید پر کچھ احتیاطی تدابیر کا خیال نہ رکھا اور کورونا کا شکار ہوگیا اور اب وہ گھر میں آئیسولیشن میں ہے۔

08  منٹ اور 28 سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو پیغام میں ندیم افضل چن نے قریبی دوست کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد پُرزور انداز میں لوگوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی درخواست کی۔

ویڈیو کے آخر میں ندیم افضل چن نے "مختارے“ کا ویڈیو پیغام شیئر کیا، مختارے کا کہنا تھا کہ اس نے چن صاحب کے کہنے پر بہت احتیاط کی لیکن اسکے باوجود وہ کورونا وائرس کا شکار ہوگیا۔

ندیم افضل چن کے قریبی دوست مختار حسین باجوہ عرف مختاریا نے لوگوں سے اپیل کی کہ خدا کا واسطہ ہے کہ احتیاط کریں، ندیم افضل چن کی باتوں کو سنجیدہ لیں، خود بھی اس عالمی وبا سے بچیں اور اپنے بچوں کو بھی بچائیں اور ماسک کے بغیر باہر نہ نکلیں.

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے مشیر ندیم افضل چن اپنی ایک لیک آڈیو میں کہتے سنے جا سکتے تھے کہ بہت سیریس بیماری ہوگئی ہے، گھر کے اندر چپ کر کے بیٹھو اور بچوں کو بھی باہر نہ نکلنے دو۔

ندیم افضل چن نے ضدی ”مختارے“ کو ڈرانے کے لیے پیار سے ایک بات سمجھاتے ہوئے کہا تھا کہ "مختاریا! کم از کم ہزاراں لوگ مردے پیئے نئیں"۔

آڈیو میسج کے لیک ہونے اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ندیم افضل چن نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں لوگوں کی ملاقات قریبی دوست مختار حسین باجوہ عرف مختاریا سے کروائی تھی۔